آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچا جی کی ملاقات

راولپنڈی۔21جولائی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچا جی نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی اور سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔

معزز مہمان نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔