عمران خان نے پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر اپنا مذاق اڑایا ہے، سینیٹر شیری رحمان کا ٹویٹ

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ باعزت طریقے سے گرفتاری دینے سے سیاستدان کے قد میں اضافہ ہوتا ہے، عمران خان نے پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر اپنا مذاق اڑایا ہے۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے کبھی اتنا تماشا نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ہے۔ قانون کی حکمرانی کا پرچار کرنے والے عمران خان اور ان کی ڈنڈا بردار فورس کل سے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باعزت طریقے سے گرفتاری دینے سے سیاستدان کے قد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہمارے قائدین نے ہمیشہ اپنے کارکنان اور چاہنے والوں کا مان رکھا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر نے ہمیشہ ہنستے ہوئے قانون اور عدالت کا سامنا کیا اور گرفتاریاں دیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر عمران خان نے اپنا مذاق اڑایا ہے،‏کون سا سیاسی قائد اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکنان اور عورتوں کو ڈھال بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کل سے زمان پارک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے کارکنان اور پولیس والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہےہیں، ایک خودغرض لیڈر ہی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتا ہے۔