نمز اور پی اے آر سی کے درمیان علمی اور سائنسی تعاون کو تقویت دینے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

راولپنڈی۔16فروری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے سائنسی، تکنیکی اور علمی تعاون کو تقویت دینے کے لیے 5 سالہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جس سے ملک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ‏نمز کے پرو وائس چانسلر (اکیڈیمکس) میجر جنرل ( ر)سلیم احمد خان اور چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی نے پی اے آر سی ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر نمز کے رجسٹرار بریگیڈیئر (ر)محمد اظہر شمس اور ڈین فیکلٹی ملٹی ڈسپلنری اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عائشہ محی الدین بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر میجر جنرل (ر) سلیم احمد خان نے پی اے آر سی کے وفد کو صحت کی دیکھ بھال اور تحقیق میں نمز کے تعاون بارے میں بریفنگ دی جبکہ فائٹو کیمسٹری، ہربیریم ڈویلپمنٹ، ویکسین کی ترقی اور نیوٹراسیوٹیکلز سمیت باہمی معاون تحقیق کے شعبوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کے لیے نمز اور پی اے آر سی کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں اداروں نے مہارت، سانسی معلومات ،تحقیقی مواد، طلبہ کے تبادلے اورتحقیق اور تعلیمی ترقی کے لیے انٹرن شپ کی سہولت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دونوں اداروں اور ملک گیر ڈھانچے میں علم، ڈیٹا، لائبریریوں، کلاس رومز، لیبز، فیلڈز اور دیگر سہولیات تک رسائی کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا ۔

نمز اور پی اے آر سی نے باہمی طور پر متفقہ شعبوں میں تحقیق اور تعلیم کی ترقی کے لیے قومی/بین الاقوامی منصوبوں کی فنڈنگ، ترقی اور ان پر عمل درآمد کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا جس میں مشترکہ ورکشاپس، سمپوزیم اور تربیتی کورسز کے انعقاد کے علاوہ توسیع اور رسائی کی دیگر سرگرمیوں میں باہمی تعاون شامل ہے۔