وزیراعظم شہباز شریف کی شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے عوام اور پارلیمان کا ان پر اعتماد ان کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے، صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں ۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق شی جن پنگ کے تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں آئندہ پانچ سال کے لئے چین کا صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔صدر شی جن پنگ پر چین کے عوام اور پارلیمنٹ کا اعتماد ان کی غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی قیادت میں چین دنیا کی سرفہرست معاشی قوت بن چکا ہے اور یہ سفر مسلسل جاری ہے ۔ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین تعلیم، صحت، زراعت، ایجادات، ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ صدر شی جن پنگ کی پانچ سال کی مدت صدارت میں دونوں ممالک کی آزمودہ اور سدا بہار سٹریٹیجک کوآپریشن مزید مضبوط ہوگا ۔ ہم صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔