آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کے تحفظ کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے، سفیر ممتاز زہرا بلوچ

26
آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کے تحفظ کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے، سفیر ممتاز زہرا بلوچ

پیرس۔11جون (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر موثر اور بھرپور اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحری اور ساحلی وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات فرانس کے شہر نیس میں منعقدہ اقوام متحدہ کی تیسری اوشین کانفرنس میں اپنے ایک بیان میں کہی۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے سمندری وسائل اور ماحولیاتی نظام کی بگاڑ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صرف انفرادی قومی اقدامات کافی نہیں ہوں گے بلکہ اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون نہایت ضروری ہے تاکہ بحری اور ساحلی وسائل کا تحفظ اور پائیدار استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ سفیر ممتاز بلوچ نے مالی معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت میں اضافے جیسے اقدامات کے ذریعے سمندروں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے ”مشترکہ مگر مختلف ذمہ داریاں اور متعلقہ صلاحیتوں” کے اصول کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ”بی بی این جے” معاہدے پر دستخط کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سفیر نے بحیرہ عرب کے ماحولیاتی نظام پر ایک ہمسایہ ملک کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کے سنگین اثرات پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا جن کے نتیجے میں طویل عرصے سے پانی کی شراکت داری کے طے پانے والے معاہدے اور انتظامات متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوششوں کی مذمت کرے اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔