اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) ربیع کی فصلوں کی آبپاشی کے لئے ملک میں جاری بارشوں کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات اور زرعی شعبہ کے ماہرین نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 10 روز کے دوران سندھ کے علاوہ ملک کے طول و عرض میں بارش کا امکان ہے اور تقریباً 30ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ربیع کی کھڑی فصلوں کو پانی دینے یا آبپاشی کرنے سے قبل بارش کی صورتحال کے پیش نظر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ فصل میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔ زرعی ماہرین نے کہا کہ اگر کسی فصل کو ضرورت سے زیادہ آبپاشی کی جائے تو اس سے پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کا شیڈول مرتب کرتے ہوئے بارش کو بھی پیش نظر رکھنا از حد ضروری ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات اور ماحولیات کے شعبہ کے ماہرین نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری سے ملک میں پانی کی دستیابی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ برف باری گزشتہ 70 سال کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ برفباری ہے جبکہ بارشوں میں بھی 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور رواں سیزن میں ہونے والی برفباری گزشتہ سال کے مقابلہ میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں سے بارانی علاقہ جات کی فصلوں پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں اور بارانی علاقہ جات میں پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس سے دیہی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔