آئین ملک کی بقاء اور سلامتی کا ضامن ہے، ہر ممکن طریقے سے اس کا تحفظ یقینی بنائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر منعقدہ تقریب سے خطاب

223

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین ملک کی بقاء اور سلامتی کا ضامن ہے، ہر ممکن طریقے سے اس کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار پر جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 2023 کو پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا سال منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سینیٹر میاں رضا ربانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 2023 میں آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے انعقاد کے لئے سفارشات مرتب کرے گی، پارلیمنٹ میں دنیا بھر کے سپیکرز کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پارلیمنٹ سمیت ملک بھر میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد نئی نسل کو آئین کے حوالے سے کی گئی جدوجہد سے روشناس کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے لئے ذوالفقار علی بھٹو شہید سے لے کر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید تک بے مثال قربانیاں دی گئی ہیں، پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں ملک میں جمہوریت اور آئین کے لئے قربانیاں دینے والوں کی ایک یادگار بنائی گئی تھی جسے مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہمارا وقار اور ملک کی بقاء اور سلامتی کا ضامن ہے، اس کے تحفظ کے لئے ہم سب کو آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والے گمنام ہیروز کی یادگار پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نائب صدر سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر میاں رضا ربانی سمیت دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ پھول رکھے اور اس موقع پر ملک میں آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔