آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں دوروزہ بین الاقوامی کنونشن اختتام پذیر

86

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقدہ دوروزہ بین الاقوامی کنونشن اختتام پذیر ہوگیا۔کنونشن میں 17 سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ ان میں بیلجیئم،ایران،کینیا،شام،جمہوریہ کرغستان ،برطانیہ،امریکہ،سکاٹ لینڈ سمیت دیگر ممالک کے وفود شامل تھے۔کنونشن میں اندرون ملک سے اراکین پارلیمنٹ،سیاسی رہنما،سول سوسائٹی کے ممبران،خواتین، اکیڈمیا، غیر مسلم رہنمائوں نے شرکت کی۔

سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ بھی شریک ہوئے۔کنونشن کے پہلے روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،شیری رحمان،سابق چئیرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک،قمر زمان کائرہ نے خطاب کیا۔کنونشن کے دوسرے روز اختتامی تقریب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا۔اس موقع پر اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔کنونشن کے اختتامی سیشن میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اعلامیہ پیش کیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ اس اہم ترین بین الاقوامی کنونشن میں سعودی عرب، شام، ایران، کرغستان ، ازبکستان، تنزانیہ، برطانیہ ، امریکہ سمیت دنیا بھر کے اہم ممالک کے وفود شریک ہوئے،کنونشن میں ہم نے اتفاق کیا کہ جمہوریت کو دنیا میں مزید مضبوط کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے،

ہم نے اتفاق کیا جمہوریت، انسانی حقوق اور معاشروں کی آزادی کے لئے مل کر کام کریں گے،ہم قانون سازی کو مزید مضبوط بنائیں گے،میرا آئین میری آزادی کا ضامن, اس سلوگن پر مزید بہتر انداز میں کام کریں گے،اس کنونشن میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہم قانون کی حکمرانی، خود مختاری، عدلیہ کی آزادی کے لئے مزید بہتر انداز میں کام کریں گے،انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کیلئے بہتر انداز میں آگے بڑھنے پر بھی اتفاق کرتے ہیں۔

آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے آزاد،محفوظ اور پائیدار ترقی پر مبنی معاشرے کی تشکیل کی جائے گی،ومعالمی کنونشن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ آئین کے تحت دیئے گئے انسانی حقوق اور فکاح وبہبود کا تحفظ کیا جائے گا۔برابری،انصاف اور باہمی احترام کی بنیاد پر معاشرے کی تشکیل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔