آئی ایم ایف سے 700ملین ڈالر کی قسط معیشت پر اچھے اثرات مرتب کرے گی، کاشف انور

208
آئی ایم ایف سے 700ملین ڈالر کی قسط معیشت پر اچھے اثرات مرتب کرے گی، کاشف انور

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی قسط کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کے لیے بہترین خبر قرار دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام کا پہلا جائزہ مکمل کرنے کے بعد آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے قسط کی منظوری کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ 700 ملین ڈالر کی منظوری معاشی اشاریوں کو تقویت بخشے گی ،مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے ترسیلات زر میں اضافے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔