آئی ایم ایف کا بیل آوٹ پیکج حاصل کرنے اور ڈیفالٹ کے خدشات کا خاتمہ کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں، مہر کاشف یونس

253
Mehr Kashif Younis
Mehr Kashif Younis

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ 3 بلین ڈالر کا آئی ایم ایف کا بیل آوٹ پیکج حاصل کرنے اور ممکنہ ڈیفالٹ کے خدشات کا خاتمہ کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے قائدانہ اور فیصلہ کن اقدامات قابل ستائش ہیں۔ اتوار کو یہاں فاران شاہد کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مسلسل کوششوں اور حکمت عملی نے ملک کو پائیدار اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں جنہوں نے اپنی دانشمندانہ فیصلہ سازی اور مالیاتی مہارت کے ذریعے اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کی پالیسیوں نے پیچیدہ مالیاتی چیلنجز کو حل کرنے اور ٹھوس پالیسیوں کے ذریعے سازگار اقتصادی ماحول کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار معیشت کی بہتری کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے بیل آﺅٹ پیکج نے ملک میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اب غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔

مہر کاشف یونس نے اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے معاشی اصلاحات اور ٹیکس نظام کی تشکیل نو پر زور دیا اور کہا کہ مقامی طلب کو پورا کرنے کے علاوہ برآمدات کو بڑھانے کے لیے مینوفیکچرنگ انڈسٹری، کنسٹرکشن انڈسٹری، اسٹیل سیکٹر اور ایگرو بیسڈ انڈسٹری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان کی مشکور ہے جنہوں نے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ ان کی خدمات انتہائی قابل ستائش ہیں اور ہمیں گورنر پر فخر ہے جو اپنی بہترین صلاحیتوں، وژن اور حکمت عملی کو بروئے کار لا رہے ہیں۔