آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف (کل ) حیدرآباد میں کھیلے گا

cricket

حیدرآباد۔5اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایدیشن میں (کل) جمعہ کو ایک میچ کا فیصلہ ہوگا جس میں پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم، حیدرآباد میں نبردا ٓزماہوں گی۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا ۔

مردوں کے ون ڈے کرکٹ فارمیٹ کا عالمی ٹورنامنٹ ہر چار سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔ 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔

میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ عالمی چیمپئن نے 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔