راولپنڈی۔8اپریل (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان اے کو 167 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔ پاکستان اے ٹیم 277 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ بنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔ نگار سلطانہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 70 رنز بنائے۔
فرغانہ حق 50 رنز بنا کر دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔ پاکستان اے کی طرف سے ام ہانی اور وحیدہ اختر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اے ویمن مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 39.1 اوورز میں 109 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دعا ماجد 32 اور ام ہانی 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ بنگلہ دیش کی طرف سے ربیعہ خان، معروفہ اختر اور فہیمہ خاتون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579685