راولپنڈی۔13اپریل (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کل(پیر کو )ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ کھیلے گی۔ یہ ڈے نائٹ میچ دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ میچ سے ایک روز قبل قومی خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ پلیئرز نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رننگ، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے مختلف پریکٹس سیشنز میں شرکت کی۔ گراؤنڈ کے علاوہ باب وولمر انڈور سکول میں نیٹ پریکٹس بھی کی گئی۔
پریکٹس سیشن کی نگرانی ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کی جس میں کھلاڑیوں کی سکلز ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس سیشن میں تمام کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ پی سی بی کے مطابق شائقین کرکٹ کے لیے قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے داخلہ فری ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581299