آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سیکورٹی ہائی الرٹ

142

لاہور۔7اپریل (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سیکورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فول پروف سیکورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے۔ لاہور میں رینجرز کے 1 ونگ اور آرمی کی 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز لاہور میں شیڈول ہیں جن میں خواتین کی 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

سیکورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستوں کی خدمات 20 اپریل تک طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے۔