دبئی۔9دسمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی ہے‘ ڈیوڈ ملان اور بابر اعظم کی پہلی اور دوسری پوزیشن برقرارہے جبکہ لوکیش راہول تیسرے نمبر پر آگئے۔ بدھ کو آئی سی سی کی طرف سے بھارت آسٹریلیا ٹی 20 سیریز ختم ہونے کے بعد جاری کی جانے والی تازہ رینکنگ میں ڈیوڈ ملان پہلے اور بابراعظم دوسری پوزیشن پر بدستور موجود ہیں جبکہ بھارت کے لوکیش راہول ایک درجہ ترقی کے ساتھ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ سے تیسری پوزیشن چھین لی۔ فنچ چوتھے نمبر پر آگئے ۔ راسی وین ڈر ڈیوسن پانچویں، کولن منرو چھٹی، گلین میکسویل ساتویں پوزیشن پر برقرارہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف عمدہ بلے بازی کرکے ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے، حضرت اللہ نویں اورایون مورگن دسویں پوزیشن پر ہیں۔ باولرزمیں راشد خان پہلی، مجیب الرحمن دوسری پوزیشن پر ہیں، عادل رشید ایک اورایڈم زمپا دودرجے ترقی کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبرپر ہیں جبکہ پاکستان کے عماد وسیم ایک درجہ ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔