آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ فائنل،انگلینڈپاکستان کو ہرا کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا

85

میلبرن ۔13نومبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر دوسری بار ٹی20 عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستانی ٹیم میلبرن کے میدان میں 1992 کی تاریخ نہ دہرا سکی، انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بیٹرز کی ناکامی کے بعد پاکستانی بائولرز نے ہدف کے دفاع کی سرتوڑ کوشش کی، 15ویں اوور میں میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا تھا کیونکہ انگلینڈ کو آخری 5 اوورز میں جیت کے لئے 41 رنز درکار تھے مگر گرین شرٹس کو اس وقت دھچکا لگا جب شاہین شاہ آفریدی 16ویں اوور کی پہلی گیند کرانے کے بعد انجری کا شکار ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے، اس خلا کا انگلش بیٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا، بین سٹوکس نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، سام کرن نے 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، انہیں میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اتوار کو میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ابر آلود موسم میں ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے 29 رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد رضوان پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنا کر سیم کرن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، اننگز کے آٹھویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی جب محمد حارث 8 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،

اس موقع پر بابر اعظم اور شان مسعود نے مل کر ٹیم کا سکور 84 تک پہنچایا، بابر اعظم 12ویں اوور تک کریز پر کھڑے رہے، انہیں عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر 32 رنز پر آئوٹ کیا، عال رشید نے وکٹ میڈن اوور کرایا اور ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں افتخار احمد بھی 6 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے بین سٹوکس کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،

شان مسعود اور شاداب خان نے پانچویں وکٹ میں 36 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 121 تک پہنچا دیا، اس موقع پر شان مسعود سیم کرن کی گیند پر ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں لیام لیونگسٹون کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 27 گیندوں پر38 رنز بنائے، اگلے ہی اوور میں کرس جورڈن نے شاداب خان کو 20 کے مجموعی سکور پر آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، محمد نواز کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ بھی صرف5 رنز بنا کر سیم کرن کی گیند پر لیام لیونگسٹون کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،

محمد وسیم کو 4 کے انفرادی سکور پر کرس جورڈن نے آئوٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی 5 اور حارث رئوف ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، انگلینڈ کی طرف سے سیم کرن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، عادل رشید اور کرس جورڈن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف بین سٹوکس کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بین سٹوکس نے 49 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے،

دیگر بیٹرز میں کپتان جوز بٹلر 26 ، ہیری بروک 20 اور معین علی 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے حارث رئوف نے دو جبکہ شاداب خان، محمد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، انگلینڈ کے سیم کرن کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 11.38 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں۔