13.8 C
Islamabad
پیر, فروری 24, 2025
ہومکھیل کی خبریںآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ...

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان (کل) راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل

- Advertisement -

راولپنڈی۔23فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل(پیر کو) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میچ ڈے نائٹ ہو گا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے چیمپئنز ٹرافی کے تین اہم میچوں کی میزبانی کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ 24، 25 اور 27 فروری کو شیڈول بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ اور پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش کے میچوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ تینوں میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور شائقین کو تفریح کا بھرپور موقع ملے گا۔

- Advertisement -

شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور میچوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق میچوں کی سیکیورٹی کے لیے پانچ ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پولیس ٹیمیں، ڈولفنز اور ایلیٹ فورس اسٹیڈیم کے اردگرد اور اطراف کے علاقے میں گشت کریں گی۔

علاوہ ازیں اہم چھتوں پر ماہر اسنائپرز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ساڑھے تین سو سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے اسٹیڈیم روڈ کے سبزہ زار اور واک ویز کو رنگ برنگے پھولوں سے سجا دیا ہے جبکہ اسٹیڈیم روڈ ایک پھولوں کے شہر میں تبدیل ہو گیا ہے جو شاندار ہریالی، پھولوں کی سجاوٹ اور اسٹیڈیم کے آس پاس کے علاقے کے سر سبز مناظر سے مزین ہے۔ اسٹیڈیم روڈ پر کرکٹ کٹ میں ملبوس بیٹر کا خوبصورت مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے جس نے علاقائی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کی میزبانی نے راولپنڈی کے باسیوں میں ایک نیا ولولہ پیدا کر دیا ہے۔ اس شہر نے میراں بخش، شعیب اختر، محمد وسیم ، یاسر عرفات ، محمد عامر ، سہیل تنویر ، شاداب خان اور محمد نواز جیسے نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564951

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں