آئی ٹی ایف سی اور وزارت اقتصادی امور کے درمیان 761.5 ملین ڈالر کی فراہمی پر اتفاق

61

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی )اور وزارت اقتصادی امور کے درمیان تجارتی فنانسنگ کے لیے 761.5 ملین امریکی ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق ہو گیا۔یہ فنانسنگ آئی ٹی ایف سی کی پاکستان کے لیے 3 سال کے لیے 4.5 بلین امریکی ڈالر کی فنانسنگ ونڈو کا حصہ ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق مراحبہ فنانسنگ كی سہولت تیل اور گیس کی درآمد کے لیے استعمال کریں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مضبوط معاشی بحالی اور زیادہ مانگ کی وجہ سے، فنانسنگ کو 300 ملین ڈالر سے بڑھا کر 761.5 ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ایف سی کی فنانسنگ شرح مبادلہ پر دباؤ کو کم کرنے اور غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں بھی مدد کرے گی۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہاکہ آئی ٹی ایف سی کی فنانسنگ کی سہولت پاکستان کی مضبوط معاشی بحالی پر IFIs کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ای اے ڈی اور آ ئی ٹی ایف سی نے 4.5 بلین امریکی ڈالر کی فنانسنگ ونڈو کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔