اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیراہتمام بدھ کو یہاں محمود الرحمٰن کی لکھی گئی کتاب "From a Mountain Boy to a Destroyer’s Captain” کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی ۔ یہ کتاب مصنف کی زندگی کے ایک منفرد اور حیرت انگیز سفر کی عکاسی کرتی ہے جس میں ایک گمنام پہاڑی گاؤں کے لڑکے کے بحری جنگی جہاز کے کیپٹن بننے تک کے سفر کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی جن میں معروف سفارتکار، دانشور، تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد، اور نوجوان شامل تھے۔ کتاب نے سامعین کو ایک ایسی کہانی سننے کا موقع فراہم کیا جو نہ صرف جذبہ اور حوصلہ افزائی سے بھرپور ہے بلکہ نوجوان نسل کو اپنی مشکلات پر قابو پانے کا راستہ دکھاتی ہے۔
تقریب کے میزبان آئی پی آر آئی کے صدر سفیر ڈاکٹر رضا محمد نے کتاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ”یہ کتاب محض ایک زندگی کی کہانی نہیں بلکہ یہ ہر اس شخص کے لئے ایک مشعلِ راہ ہے جو اپنی زندگی کے خوابوں کی تکمیل کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ محمود الرحمٰن نے ثابت کیا کہ محدود وسائل بھی ایک انسان کے خوابوں کو محدود نہیں کر سکتے۔کتاب کے مصنف محمود الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سامعین کو اپنی زندگی کے تجربات، کتاب لکھنے کے محرکات، اور اس کے پیغام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ”یہ کتاب میری زندگی کے نشیب و فراز کی عکاسی ہے۔ میرے لئے یہ محض ایک یادداشت نہیں بلکہ ایک عہد ہے کہ اپنی کہانی کو دوسروں کے ساتھ بانٹوں تاکہ نوجوانوں کو یقین دلایا جا سکے کہ مشکلات کا سامنا کرکے ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب ان کی ذاتی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور ان کا مقصد نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا ہے کہ اگر آپ میں محنت، صبر، اور عزم ہو تو دنیا کی کوئی بھی رکاوٹ آپ کے راستے میں کھڑی نہیں ہو سکتی۔ یہ کتاب ہر اس شخص کے لئے ہے جو زندگی میں کچھ بڑا کرنے کی تمنا رکھتا ہے۔کتاب میں مصنف نے بتایا ہے کہ کیسے ایک پہاڑی گاؤں کے محدود وسائل اور تعلیمی رکاوٹوں کے باوجود انہوں نے عزم و ہمت سے اپنی منزل حاصل کی۔