آج جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ، عثمان بزدار،ملتان کےلئے 34 ارب روپے کا خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے 3 ارب 54 کروڑ روپے مختص

71

لاہور۔26اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے ملتان کی تاریخ میں آج کا دن بے حد اہمیت کا حامل ہے، آج جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اور عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے،جنوبی پنجاب کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی،بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا،جنوبی پنجاب کو ماضی میں نہ صرف پسماندہ رکھا گیا بلکہ گمراہ کن اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو دھوکہ دیا گیا، ماضی میں جنوبی پنجاب پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب17 فیصد سے زائد نہیں تھا،ہم نے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس نہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے 33 فیصد بجٹ مختص کیا بلکہ اس کی رنگ فینسنگ بھی کی ہے ،

وہ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے اور ملتان ڈویلپمنٹ پیکیج کے اعلان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 27 ہزار سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے جن میں 38 فیصد جنوبی پنجاب کے سکول شامل ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں 1300 ارب روپے کے ادھورے منصوبے ملے جنہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہم مکمل کر رہے ہیں، عثمان بزدار نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بھر پور اعتماد سے نوازا،ملتان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل ترجیحات میں اولین ہے ،ہم ملتان کےلئے 34 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج لا رہے ہیں ،پیکیج کے تحت 100 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے، ان منصوبوں میں روڈسیکٹر کے 47 ،فراہمی و نکاسی آب کے 23، تعلیم کے9 ،ہیلتھ کے 6اور دیگر محکموں کے پراجیکٹس شامل ہیں جبکہ بیشتر منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے،انشاءاللہ انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائےگا، وزیر اعلی نے کہا کہ ملتان میں لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 78 کروڑ 72 لاکھ کے ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے ،

ملتان میں 3 ارب 31 کرڑ روپے کے 4 ترقیاتی منصوبوں ای خدمت مرکز، شیلٹر ہوم،میاواکی اربن فاریسٹ اور انڈسٹریل سٹیٹ میں لیبر ہاﺅسنگ کالونی کا افتتاح کیا گیا ہے،لیبر ہاﺅسنگ کالونی میں 992 فلیٹس محنت کشوں کو دیئے جا رہے ہیں،ملتان میں 8 ارب 97 کروڑ کے 5 نئے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے، ان میں دو رویہ متی تل روڈ کی تعمیر، پناہ گاہ، 200 بیڈکا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال شامل ہیں، ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر و توسیع پی پی پی موڈ پر 18ارب روپے کی لاگت سے ہوگی ،وزیر اعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنا ایک تاریخی اقدام ہے ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پراجیکٹ 3 ارب 54 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائےگا،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر بھی کر دیا گیا ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں محکموں کی تعداد مزید بڑھائی جا رہی ہے،

اسی طرح جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کیلئے قانون سازی بھی کی جارہی ہے ، جنوبی پنجاب ک لئے الگ سروس ٹربیونل اور ڈرگ کورٹس بھی بنائی جائیں گی ،ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں 2 ڈرگ کورٹس، سروس ٹریبونل، اینٹی لیکچوئل پراپرٹی کورٹس اور انوائرمنٹ ٹریبونل قائم کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی316 سکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، ان میں 269گرلز سکول بھی شامل ہیں ،ان سکولوں کی اپ گریڈیشن پر 73 کروڑ 85 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ،نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے ملتان میں پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان شرائط 35 کروڑ روپے کے زائد قرضے دیئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ زراعت کے فروغ، زرعی پیداوار میں اضافے اور کاشتکار بھائیوں کی معاونت کیلئے حکومت پنجاب کاشت کاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی Input پر براہ راست سبسڈی دے رہی ہے،

صوبے بھر میں 10لاکھ کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے سبسڈی ان کے اکاﺅنٹ میں ٹرانسفر کی جائے گی ،صوبہ بھر میں 47 کروڑ روپے کی جدید زرعی مشینری کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کر چکے ہیں،فصلوں کی انشورنس کا پروگرام بھی جاری ہے اور پنجاب روزگار سکیم کے تحت ٹریکٹردیئے گئے اور مزید بھی دیئے جائیں گے،وزیر اعلی نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی 16 تحصیلوں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تقریباً 90 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب رورل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن پراجیکٹ اسی سال شروع ہو رہا ہے ، اس منصوبے میں 8 تحصیلیں جنوبی پنجاب کی شامل ہیں جہاں دیہات میں پینے کا صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے ،ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پراجیکٹ ساﺅتھ پنجاب کی پانچ تحصیلوں وہاڑی، بورے والا، خانیوال ،

کوٹ ادو ، بہاولنگر میںآنے والے اگلے دو سالوں میں واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، سٹریٹ لائٹس، روڈز اور پارکس پر 11ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، اسی طرح ملتان میں ڈسٹرکٹ جیل کو متی تل روڈ پر منتقل کرکے یہاں خوبصورت پارک بنائیں گے ، اگلے مالی سال کے بجٹ میں 1ارب50 کروڑروپے مختص کئے جارہے ہیں،ملتان شہر سے غلہ منڈی ، لوہا مارکیٹ اور ٹرک اڈوں کی منتقلی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اس پرہوم ورک مکمل ہو چکا ہے،پر ہجوم ، منڈیوں اور اڈوں کی شہر سے باہرجانے سے ٹریفک کے مسائل حل ہونگے،

بوسن روڈ سے ہیڈ محمد والا تک ناردرن بائی پاس کو دو رویہ بنایا جائے گا ،حکومت پنجاب کی درخواست پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی یہ منصوبہ مکمل کرے گی ،ضلع کچہری میں رش اور ہجوم دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ضلع کچہری کی حدود کو وسیع کرنے کیلئے پولیس لائن سے 30 کنال اراضی فراہم کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ کورٹس کو 20 کنال اراضی دی جائے گی اور ہائیکورٹس کی توسیع کیلئے 26 کنال اراضی فراہم کی جا رہی ہے جس میں سے 6 کنال اراضی دی جا چکی ہے ،اسی طرح سائلین اور وکلا کی سہولت کیلئے نیاجوڈیشل کمپلیکس بنے گا، وکلا کیلئے دو بیسمنٹ پارکنگ پلازے بھی بنائے جا رہے ہیں،ملتان کی مصروف ترین سڑکوں ابدالی روڈ، سرکلر روڈ، حسین آگاہی روڈ اور شہر کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر و توسیع کیلئے فنڈز دیئے جا رہے ہیں ،انسدا د تشدد مرکز برائے خواتین میں مزید شعبے قائم کر کے اس کی توسیع مکمل ہوچکی ہے،وزیر اعلی عثمان بزدار بزدار نے کہا کہ ملتان میونسپل کارپوریشن کو درجہ بڑھا کر میٹروپولیٹن کارپوریشن کر دیا گیا ہے ،

ملتان میں 70 سال قبل نشتر ہسپتال بنایا گیا اس کے بعد کوئی جنرل ہسپتال تعمیر نہیں ہوا ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملتان میں نشتر 2 کی تعمیر کا آغاز کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسی سال یہاں OPD شروع کر دی جائے گی اور 8 ارب 84 کروڑ کی مجموعی لاگت سے جون 2023ءسے پہلے اسے پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا ،ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نئی OPD بھی اسی سال فنکشنل ہوجائے گی، اس منصوبے کی لاگت 3 ارب 14 کروڑ روپے ہے،نشتر ہسپتال میں کینسر وارڈ مکمل ہو چکا ہے اور مشینری کی تنصیب جاری ہے، فارمیسی کی تعمیر کا منصوبہ اگلے ماہ تک مکمل ہوجائے گا،اس پر 40کروڑ روپے لاگت آئی ہے،ملتان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی شیر شاہ بائی پاس کے قریب نئی بلڈنگ بن چکی ہے ، جدید طبی مشینری کی خریداری کا عمل جاری اور اس کی مجموعی لاگت ایک ارب 67 کروڑ روپے ہے،

ملتان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پراجیکٹ کیلئے 1ارب روپے مختص کئے ہیں، گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان کی سب سے قدیم درس گاہ ہے، 101 سال پرانے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے اور یہاں 16کروڑ روپے کی لاگت سے بی ایس بلاک بھی بنایا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہاکی کے کھیل کے فروغ کےلئے ملتان میں متی تل روڈ پر بین الاقوامی معیار کا آسٹر و ٹرف گراﺅنڈبنے گا جس کی لاگت 45 کروڑ روپے سے زائد ہے، ملتان میں 49کروڑ کی لاگت سے ماڈل مویشی منڈی کی تعمیر جاری ہے، لاوارث اور بے گھر بچوں کےلئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ بن رہا ہے اور اس منصوبے پر 31کروڑ روپے خر چ کئے جارہے ہیں ،عوام اور تاجر برادری کے مطالبے پر مدنی چوک پر فلائی اوور بھی بنے گا جس پر 74 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں،نادرہ آباد پھاٹک اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے درمیان ریلوے لائن پر فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جس کی لاگت 2ارب84کروڑ روپے ہے،شیر شاہ بائی پاس کو موٹروے ایم فور کے ساتھ منسلک کرنے کا پراجیکٹ پر 25% کام مکمل ہو چکا ہے ،

اس منصوبے پر 59کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں،ملتان میں مےنجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ریجنل کیمپس اگلے سال تک مکمل ہو جائے گاجس کی لاگت 50کروڑ روپے ہے، انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان منزلیں آسان منصوبے کے تحت دیہات سے منڈیوں تک رسائی کےلئے28کلومیٹر طویل سڑکیں 35کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکی ہیں،نیا پاکستان منزلیں آسان کے دوسرے مرحلے میں دیہات سے منڈیوں تک رسائی کےلئے25کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت شروع ہے،جس پر 37 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ،ملتان کا سیوریج سسٹم 50 سال پرانا ہونے کی وجہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت پنجاب ملتان کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے 13 پراجیکٹ بنا رہی ہے، سیوریج کے ان منصوبوں کو مجموعی طور پر 11ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا،ان منصوبوں کے تحت نئے ڈسپوزل اسٹیشن بنائے جائیں گے اور سیوریج کی بوسید ہ لائنوں کی جگہ نئی لائنیں ڈالی جارہی ہیں ،وزیر اعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور محرومی کے دن گزر چکے ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نہ صرف پورے ملک بلکہ جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کریں گے۔