کوئٹہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں، پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر کمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نگران سیٹ اپ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں قوم کو ریلیف دینے کے مشن پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔40 روپے لیٹر کمی کے اثرات روزمرہ کی زندگی میں نظرآنا شروع ہوجائینگے۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان کے علاقہ تربت میں چھ پاکستانی مزدوروں کے المناک قتل کے بعد ریاست نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو سبق سکھا دیا،اگر کسی نے ریاست سے ٹکر لینے کی کوشش کی تو انہیں اسی طرح عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔ پاکستان میں سمگلنگ کی وجہ سے معیشت اور ریاست کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کرلی گئی ہے اس پر ریاست کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔
تمام ریاست دشمن عناصر کو خبردار کرنا چاہتا ہوں وہ اب اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ورنہ ان کا انجام بھی اچھا نہیں ہوگا۔ آرمی چیف اور ان کی ٹیم کو معیشت کی بحالی پر بلوچستان کے عوام کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے کیسکو کے لیے 78 کروڑ روپے منظورِ کر لیے لیکن رقم کی ادائیگی کو بجلی کی بحالی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
صوبائی کابینہ نے انفارمیشن کمیشن ایکٹ کی منظوری بھی دے دی جس سے اب عوام کو رائیٹ ٹو انفارمیشن کا حق حاصل ہو گیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے فلسطین پر حملے اور انسانی حقوق کی پامالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری اور یو این کو مسئلے کے پرامن حل کی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔