آرگینک خوراک ،مصنوعات کی عالمی مانگ میں 15فیصد اضافہ ،پاکستانزبھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے ،نجم مزاری

62
Najam Mazari
Najam Mazari

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات کےادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہواہے جس کے تحت عالمی مارکیٹوںمیں گزشتہ سال کے مقابلے میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی خریداری میں 15فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے،پاکستان عالمی مارکیٹ سے بھرپو ر فائدہ اٹھا سکتا ہے جس کیلئے حکومت کی معاونت اور مراعات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرگینک خوراک ،مصنوعات کی عالمی مارکیٹ اور مواقع کے موضوع پر منعقدہ ایک مذاکرے سے خطاب کے دوران کیا ۔

نجم مزاری نے کہا کہ حکومت آرگینک کاشتکاری کے فروغ کے لئے کسانوں کی تربیت اورجدید کاشتکاری کے طریقوں کے فروغ کے لئے معاونت اور آرگینک سرٹیفیکیشن کے عمل کو آسان بنائے اوراگرشعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائےتو ابتدائی تین سالوں میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات سے کئی ملین ڈالرز کا زر مبادلہ حاصل ہو سکتا ہےجس سے دیہی معیشت کی ترقی اور کاشتکار طبقہ کے وسائل آمدنی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ رپورٹ کے مطابق 2024ء کے اختتام تک آرگینک خوراک کی عالمی مارکیٹ کا حجم 145ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں سالانہ 15فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی صنعت کے تناظر میں دیکھا جائے اور اس کے لئے بجٹ مختص کیا جائے ،اس ضمن میں کاشتکاروں کو سبسڈی کو ساتھ ساتھ آسان قرضوں اور تکنیکی معاونت کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔