لندن۔3جولائی (اے پی پی):بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا،امریکی ٹینس سٹار میڈیسن کیز اور جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی اوساکا اپنی فتوحا ت کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ اٹلی کی ٹینس سٹار جیسمین پاؤلینی اور روسی ٹینس کھلاڑی ڈیانا میکسیمونا شنائیڈر خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھن کو ملیں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں 27 سالہ بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کی ٹینس کھلاڑی میری بوزکوواکو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(4-7) اور 4-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ فاتح کھلاڑی کا مقابلہ انگلینڈ کی ایما راڈوکانو سے ہوگا۔امریکی ٹینس سٹار میڈیسن کیز نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کرلی ،
انہوں نے دوسرے رائونڈ کے میچ میں سربین حریف کھلاڑی اولگا ڈینیلوویچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ایک اور میچ میں جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی نے بھی ویمنز سنگلز کا دوسرا میچ جیت لیا ، انہوں نے جمہوریہ چیک کی حریف کھلاڑی کیٹرینا سینیاکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6سے پچھاڑ کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا، جہاں ان کا مقابلہ روسی حریف کھلاڑی اناستاسیا پائولیچنکووا سے ہوگا۔