فیصل آباد ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ کپاس نے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے تھری جین پرمبنی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ بدلتے موسمی حالات کے مضر اثرات کو برداشت کرنے اورفی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل کپاس کی نئی اقسام کی تیاری بھی ادارہ کے زرعی سائنسدانوں کی اولین ترجیح ہے اورادارہ کے زرعی سائنسدانوں کی شبانہ روز کاوشوں کے ذریعے تیارکی گئی کپاس کی نئی اقسام کے علاوہ 400 نئی لائنوں پر تحقیق جاری ہے نیزادارہ کی متعارف کردہ نئی قسم ایف ایچ۔ 333کے کاشتی اموراوربہتر دیکھ بھال کے بھی مفید نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
یہ بات شعبہ کپاس ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر جہانزیب فاروق نے ایوب ریسرچ میں منعقدہ سیمینار کے شرکا کو کپاس کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات اور ٹارگٹ کے حصول کیلئے کاوشوں کے بارے تفصیلاً آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ زراعت کے شعبہ میں ترقی کیلئے 10سالہ پنجاب ایگری کلچر سٹریٹیجک پلان ترتیب دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے کپاس، گندم، کماد، دھان اور مکئی جیسی اہم فصلات کی پیداوار میں اضافہ کو ممکن بنایااور ہائی ویلیو کراپس ایگری کلچر کے فروغ سے فصلوں کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ اور اجناس کی ویلیو ایڈیشن سے کثیر غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق کے اس 10سالہ پلان میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے باہمی اشتراک سے سرمایہ کاری میں اضافہ کے علاوہ اہم فصلوں کی نئی اقسام کے سرٹیفائیڈبیجوں کی کاشتکاروں کی دہلیز تک دستیابی کیلئے بھی تما م وسائل بروئے کار لائے جا ئیں گے جس کے ساتھ ساتھ اس منصوبہ کے تحت کپاس کے کاشتکاروں کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دینے کیلئے فارمرز ڈیز کا انعقاد بنیادی اہمیت کا حامل ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کی کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔سیمینار سے ڈاکٹر محمد اخترچیف سائنٹسٹ و ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب،ڈاکٹر جاوید احمد چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم، ڈاکٹر عزیز الرحمن چیف سائنٹسٹ شعبہ دالیں، ملک اللہ بخش چیف سائنٹسٹ شعبہ اثمار، ڈاکٹر جہانزیب فاروق پرنسپل سائنٹسٹ، ڈاکٹر محمد آصف سینئرسائنٹسٹ،حافظ غضنفرعباس، سائنٹفک آفیسر شعبہ کپاس محمد کاشف شہزاد، محمد اسحاق لاشاری ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد، زرعی سائنسدانوں اور پنجاب بھرکے کپاس کے ترقی پسند کاشتکاروں،
پنجاب سیڈ کارپوریشن اورپرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کے نمائندہ گان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں مہمانوں کو تجرباتی فیلڈ میں کاشتہ نئی اقسام کا وزٹ بھی کروایا اورکاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔