ڈیرہ غازی خان۔ 26 اگست (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ریجن بھر میں منشیات فروشان کے خلاف سخت کریک ڈاون کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔اس حوالے سے اجلاس آر پی او کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوا،جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ڈیرہ غازی خان ،مظفر گڑھ ،راجن پور اور لیہ نے شرکت کی۔
آر پی او کے حکم پر تمام اضلاع کے منشیات فروشوں کی فہرستیں مرتب کرکے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئیں ہیں۔اس موقع پر آر پی او نے ضلعی سربراہان کو منشیات فروشان کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرکے سات یوم میں کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی برائیوں اور جرائم پر قابو پانے کےلیے موثر حکمت عملی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور منشیات کے مقدمات میں تفتیش کے معیار کوبہتر بنایاجائے تاکہ مجرمان کو قرار واقعی سزا مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ دوران ریڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،تمام اضلاع کی مجموعی کارکردگی کا دوبارہ ایک ہفتہ بعد جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کے خلاف کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو ہرصورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔آر پی او نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق ریجن کےتمام تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز اپ گریڈیشن کےلیے تمام اقدامات بروکار لائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382823