آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 27 نومبر کو ہر صورت او ر منصفانہ ہوں گے، صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

100
آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 27 نومبر کو ہر صورت او ر منصفانہ ہوں گے، صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

باغ۔14نومبر (اے پی پی):صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 27 نومبر کو ہر صورت ہوں گے او ر منصفانہ ہوں گے، آزاد کشمیر میں سکیورٹی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، یہ کہنا کہ سیکورٹی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے یہ تاثر غلط ہے اور اس سے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات پڑیں گے کیونکہ آزاد کشمیر میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ٹیکس کلیکشن آزاد کشمیر حکومت کے پاس رہے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گااس سلسلہ میں بعض لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کر رکھی ہیں ہم آزاد کشمیر کے ریاستی تشخص کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں باغ میں دسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے خصوصی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باغ میں سرکٹ بینک کے قیام کے لئے چیف جسٹس ہائی کورٹ سے بھی بات کروں گا تاہم دریں اثناء ہائی کورٹ کا جو بنچ راولاکوٹ میں چار ماہ بند رہتا ہے وہ اس عرصہ کے لئے باغ منتقل کیا جانا چاہئے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے جس کیلئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے ریاستی ڈیموگرافی تبدیل کر نے کیلئے ہندوؤں کی آباد کاری کی جا رہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مجھے بحیثیت صدر آزادکشمیر سرکاری پروٹوکول دیا جو کشمیریوں کے موقف کی تائید ہے، بھارت اگر اپنا نیوکلیئر پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے تو ہمیں بھی اپنا پروگرام جاری رکھنا ہوگا، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہے، بھارتی وزیر دفاع کے آزاد کشمیر پر حملے کی بزدلانہ دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں عالمی برادری اس کا نوٹس لے، آزادکشمیر میں سیاسی رواداری موجود ہے،

بھارت کے وزیر دفاع کی دھمکیوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو کشمیری 1947 کی اپنی تاریخ دہرائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے اجلاس سے سردار میر اکبر خان وزیر زراعت و فشریز، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ فرخ خان چغتائی، وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل سردار طارق مسعود، سیکرٹری جنرل ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن راجہ اعتیق احمد خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق 27 نومبر کو ہی ہوں گے، سروسز ٹربیونل بھی جلد مکمل ہو کر اپنی زمہ داریاں نبھانے کے قابل ہو جائے گا، صدر آزادکشمیر نے باغ میں ہائیکورٹ کے سرکٹ بنچ کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا اعلان کیا۔