اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف نے کرپشن کو عام کیا،سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق دائر ریفرنس پر سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ سینٹر فیصل جاوید نے کہا کہ دھاندلی کا شور مچانے والی پی ڈی ایم نے کسی فورم سے رجوع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ الیکشن لڑنے کی آفر کی ،مولانا فضل الرحمان دوبارہ الیکشن لڑنے سے بھی بھاگ گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم شفاف انتخابات کی طرف جا رہے ،وزیراعظم عمران خان نے الیکشن میں شفافیت کے لیے 126 کا دھرنا دیا،وزیراعظم عمران خان نے الیکشن میں شفافیت پر کمپرومائز نہیں کیا،عمران خان نے اپنے ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی( ف) اوپن بیلٹ کے زریعے سینٹ الیکشن کرانے کی مخالفت کر رہی ہے ، میثاق جمہوریت میں بھی سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کا معاہدہ ہوا،سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ سینٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے کرپشن کو عام کیا،نواز شریف کو جتنے مواقع صفائی کے لیے ملے اتنے کسی کو نہیں ملے ،نواز شریف آج تک لندن جائیدادوں کا ثبوت نہیں دے سکے، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف لندن جائیدادوں کی اصل مالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کا معاملہ اٹھانے پر وزیراعظم عمران خان پر مقدمہ بنایا گیا،وزیراعظم عمران خان نے ایک ایک پائی کا حساب دیا جبکہ نواز شریف نے جعلی ٹرسٹ ڈید اور جعلی قطری خط دیا۔