26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںآنے والے ترقیاتی بجٹ میں بلوچستان کو دیگرصوبوں سے زیادہ بجٹ دینگے،وفاقی...

آنے والے ترقیاتی بجٹ میں بلوچستان کو دیگرصوبوں سے زیادہ بجٹ دینگے،وفاقی وزیر احسن اقبال کی وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات سینیٹر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازاحمد بگٹی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت آئندہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کو دیگر صوبوں سے زیادہ فنڈز مہیا کریگی ،اڑان پاکستان کیلئے تمام صوبوں کی یکساں ترقی ضروری ہے ،2018کاسانحہ 1971ء کے سانحہ جتنا بڑا سانحہ تھا جس نے پاکستان کو سیاسی بحران کی طرف دھکیل دیا،جس کو صادق وامین کہاگیا انہوں نے 190ملین پائونڈ کا ڈاکہ ڈالا،پی ٹی آئی کو ریلی واحتجاج کی بجائے اپنے لیڈر کا محاسبہ کرناچاہیے ،حکومت بلوچستان اڑان پاکستان کا پارٹنر ہے ان کے ساتھ مل کر منصوبے تکمیل تک پہنچائیں گے ہمارا فوکس عام آدمی ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا و اراکین اسمبلی بخت محمد کاکڑ، سردار کوہیار ڈومکی، میر عاصم کرد گیلو، مینا مجید بلوچ، عبد المجید بادینی، محمد خان لہڑی، میر لیاقت لہڑی، حاجی ولی محمد نورزئی، نوابزادہ زرین خان مگسی،ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند ودیگر بھی موجود تھے ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ اڑان پاکستان کے تحت پاکستان کی معیشت کو ٹریلین ڈالرز تک لے جائیں گے ،پاکستان میں 2010ء میں ہونے والی آئین سازی کے بعد صوبوں کو خودمختاری مل گئی اور اب اڑان پاکستان کیلئے صوبوں کا کردار وقت کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا اہم وکلیدی صوبہ ہے مستقبل کے حوالے سے معدنیات کی وجہ سے بلوچستان امیر ترین صوبہ بن سکتا ہے۔

- Advertisement -

کچھی کینال کے ذریعے بلوچستان سرسبز بن سکتا ہے بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہے، صوبے کی ترقی و منصوبوں کو ہم آہنگ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے وفاقی بجٹ میں بلوچستان کا حصہ زیادہ رکھا گیاہے بلکہ آئندہ آنے والے بجٹ میں دیگر صوبوں سے زیادہ بجٹ بلوچستان کودیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان ،کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت دیگر کی تعمیر سے صوبہ ترقی کریگا، میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان اڑان بھرتا ہوا صوبہ بنے گا ۔

اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اڑان پاکستان کا پارٹنر ہے ان کے ساتھ مل کر منصوبے تکمیل تک پہنچائیں گے ہمارا فوکس عام آدمی ہوگا۔ اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے کام کریں گے ،ترقیاتی منصوبوں کو روکنے کیلئے دہشتگری کی گئی، گوادر روڈ پر 43 ایف ڈبلیو او کے اہلکار شہید کئے گئے، یہ دہشتگرد کیوں اساتذہ، مزدوروں و نہتے لوگوں کو ٹارگٹ کررہے ہیں،ہم ان عناصر کا کھیل ناکام بنائیں گے ،بلوچستان کی ترقی کوئی نہیں روک سکتا لیکن یہ ترقی تب ہوگی جب سب ایک ساتھ چلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 2014 میں ٹریک پر تھے جن کی بین الاقوامی اداروں نے تصدیق کی۔ 2018 کا سانحہ 71 جتنا بڑا سانحہ تھا پاکستان کو سیاسی بحران کی طرف دھکیلا گیا تھا۔ جس کو صادق و امین کہا گیا اس نے 190 ملین پائونڈ کا ڈاکہ ڈالا۔ برطانیہ نے ملک ریاض سے 190 ملین پائونڈ ضبط کیا کہ یہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے لیکن انہوں نے وہ رقم واپس کرنے کی بجائے ملک ریاض کو دینے کی کوشش کی جو عوام ٹیکس پر ڈاکہ ہے ،انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے کرپشن کے خلاف ہے ہرکسی کو چور ڈاکو کہتے ہیں لیکن ان کو اپنے لیڈر کی چوری نظر نہیں آرہی، پی ٹی آئی کا فرض ہے کہ اپنے لیڈر کا محاسبہ کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584093

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں