29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومعلاقائی خبریںآپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر کی طرح صوبائی...

آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت میں بھی یوم تشکر منایا گیا,ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد

- Advertisement -

لاہور۔11مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی اتوار کے روز یوم تشکر منایا گیا۔بھارت کے خلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد قومی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئی، جس میں پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔دشمن کو تاریخی شکست دینے پر پوری قوم کا جذبہ دیدنی تھا، پورے شہر میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے اور افواج اور قوم کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا گیا -پاک فوج سے یکجہتی کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں عوام نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹی بڑی ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا-

پاک فوج کی کامیابی پر بین المذاھب تشکر ریلی نولکھا چرچ سے نکالی گئی، ریلی کی قیادت چیئرمین انٹرفیتھ ڈائیلاگ فورم ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل نے کی جبکہ چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانا محمدعاصم مخدوم، مولانا طاہر اشرفی،سکھ راہنما سردار کلیان سنگھ کلیان ،ہندو راہنما پنڈت بھگت لال کھوکھر سمیت شہریوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی- ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تمام مذاہب پاکستان کی خاطر ایک ہیں، ریلی کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ ہم ہر دم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں-معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد اقبال نصر اللہ کی رہائش گاہ پر پاکستان کی فتح کا جشن منانے کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ،

- Advertisement -

دعائیہ تقریب میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ، اس موقع کو کارکنان میں مٹھائی تقسیم اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں ، پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے-معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے یوم تشکر پر قوم اور قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ قائد محمد نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف، تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی راہنمائی سے پاکستان کو فتح حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادروں نے اپنی قابلیت، جذبے، پیشہ وارانہ مہارت سے روایتی جنگ میں بھی بالا دستی کا لوہا منوایا اور دنیا کو بتا دیا پاکستان آزاد خودمختار ملک ہے، اپنی آزادی، وقار اور سالمیت پر حملہ برداشث نہیں کرے گا۔

اسی طرح محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام مخدوم داتا علی ہجویری( ر ح) کے آستانہ عالیہ پر آپریشن ” بنیان مرصوص ” کی کامیابی اور افواج پاکستان کی سرخروئی اور کامرانی پر یوم تشکر کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا -تحریک بیداری امت مصطفی اور المصطفی سکاوٹس اوپن گروپ کے زیر انتظام عظیم الشان پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا – پریڈ میں شہریوں نے وطن سے اپنی وفاداری اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی-

اس موقع پر شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پریڈ یک زبان ہو کر دشمن کو یہ پیغام دے گی کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے سامنے جھکنے والا نہیں، بلکہ پوری قوت اور پامردی سے اس کا مقابلہ کرے گا۔ پاکستان فرنیچر کونسل نے دشمن کو شکست فاش اور پاکستان کی بے مثال فتح پراتوار کو یوم تشکر منایا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تمام فوجی قیادت، افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہا۔ اس حولے سے یہاں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صنعت کے رہنماوں اور کارکنوں نے شرکت کی اور پاک فوج، بحریہ اور پی اے ایف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا-

دوسری طرف سیاسی ، سماجی و تاجر رہنماوں اور صوبائی وزرا ،وزیر اعلی مریم نواز، حمزہ شہباز ،صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ، چوہدری شافع حسین،سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری،کوآرڈینیٹر وفاقی ٹیکس محتسب سیف الرحمان،پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری،فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران،سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سمیت دیگر رہنماوں نے اپنے بیانات میں وزیر اعظم شہباز شریف کے یومِ تشکر منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک پیج پر آکر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا،آج کا دن صرف شکرگزاری کا نہیں بلکہ غیرت، جرات، اور قومی وحدت کی فتح کا دن ہے-شاہینوں نے دشمن کے طیارے گر ا کر دنیا کو پیغام دیا پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے-

ادھر آپریشن "بنیان مرصوص” میں پاک فوج اور بالخصوص پاک فضائیہ کی شاندار عسکری کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں ایک خصوصی قرارداد بھی جمع کروائی -قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے جس برق رفتاری، ٹیکنالوجیکل برتری اور فولادی عزم کے ساتھ دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا، وہ جنگی تاریخ میں ایک نادر مثال ہے۔

پاکستانی پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت فیصلہ سازی، اور جرات مندانہ حملوں نے دشمن کے حوصلے پست کر دیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کیلئے منایا جا رہا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595738

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں