اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):آکسفورڈ اے کیو اے تعلیمی امتحانات کے نظام کے تحت سکول لیڈر شپ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں تعلیمی نظام میں بہتری اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کے موضوع کو زیر بحث لایا گیا۔ کانفرنس میں وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ حکومت طلبا کے لئے جدید اور معیاری نصاب تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دو ہائی ٹیک کلاس رومز قائم کئے جا چکے ہیں ،فیڈرل بورڈ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سکولز کے معیار کو بلند کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد حسین نے اس موقع پر کہا کہ آکسفورڈ اے کیو اے عالمی معیار کا تعلیمی نظام ہے جو طلبا ء کو دنیا کے دیگر ممالک کے طلبا ء کے ساتھ مسابقت کے قابل بناتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کے تحت مزید سکولز شامل ہو رہے ہیں جو تعلیمی شعبے میں مثبت تبدیلی کا مظہر ہے۔
آکسفورڈ اے کیو اے کے سربراہ اینڈریو کومب نے کہا کہ پاکستانی نظام تعلیم میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور آکسفورڈ اے کیو اے ایسا تعلیمی نظام ہے جو پاکستان کے تعلیمی شعبے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ کانفرنس میں تعلیمی ماہرین نے تعلیم کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کے ذریعے ملک کے تعلیمی شعبے میں ترقی ممکن ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548876