ابوظہبی۔10جون (اے پی پی):ابوظہبی کے نجی اور چارٹر کنڈرگارٹن سکولوں میں عربی زبان کی تعلیم کو لازمی قرار دیدیا۔ یو اے ای کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق محکمہ تعلیم و علم ابوظہبی (ایڈیک)نے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امارت کے تمام نجی اور چارٹر کنڈرگارٹن سکولوں میں موسم خزاں 2025 سے پری ‘کنڈرگارٹن’ سے ’کے جی 2‘ تک عربی زبان کی تعلیم کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ اقدام صرف خواندگی کے فروغ تک محدود نہیں بلکہ نئی نسل کو اُن کی لسانی جڑوں سے جوڑنے اور مادری زبان کی بنیاد مضبوط بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، تاکہ طلباء اپنی شناخت اور ثقافت سے ابتدائی عمر ہی میں واقف ہو سکیں۔نئی "ایڈیک اسکول کے جی عربی نصاب پالیسی” کے تحت، ہر طالبعلم کو ہفتہ وار 240 منٹ پر مشتمل عمر کے مطابق ترتیب دی گئی عربی زبان کی باقاعدہ تدریس فراہم کی جائے گی، جو تعلیمی سال 2026-27 میں بڑھا کر 300 منٹ کر دی جائے گی۔ایڈیک کے حالیہ سروے میں انکشاف ہوا کہ اگرچہ گھروں میں عربی زبان وسیع پیمانے پر بولی جاتی ہے،
تاہم متعدد بچے اسے اعتماد کے ساتھ بولنے سے قاصر ہیں۔ نئی پالیسی اس خلا کو پر کرنے کے لئے سکولوں اور خاندانوں کے اشتراک سے عربی زبان کے فروغ کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے۔زبان کی تدریس کو دلچسپ بنانے کے لئے اسے کھیل، کہانی سنانے، نغموں اور جستجو پر مبنی سرگرمیوں کے گرد ترتیب دیا جائے گا۔ ماہرانہ تربیت یافتہ اساتذہ، جدید تدریسی مواد اور متحرک کلاس روم سرگرمیوں کے ذریعے عربی زبان کو بچوں کے لئے روز مرہ کی دلچسپ اور زندہ زبان بنانے پر زور دیا گیا ہے۔