اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان جوڈو فیڈریشن نے ابوظہبی گرینڈ سلام کےلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ۔ ایونٹ میں شرکت کےلئے پاکستانی ٹیم 19 اکتوبرکو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی ۔پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اورمیڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ ابوظہبی گرینڈ سلام 19 سے23 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھرکے نامور کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔
فیڈریشن نے ایونٹ کےلئے چار رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں دو کھلاڑی اوردو آفیشلز شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ اور قیصر خان جبکہ کوچ سجاد کاظمی اور منیجر نور احمد رند آفیشلز ہیں۔شاہ حسین شاہ جاپان سے متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جبکہ باقی ٹیم پاکستان سے روانہ ہوگی۔ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کے مقابلے 22 اکتوبر کو ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کےلئے کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں بھرپور تیاری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی گرینڈ سلام اولمپکس گیمز کے لئے کوالیفائی رائونڈ ہے جس میں کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔ مسعود احمد خان نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کےلئے حکومت کو این او سی کےلئے درخواست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولمپکس گیمز 2024 میں پیرس میں ہوں گے ، اس سے قبل اولمپکس گیمز میں کوالیفائی کرنے کےلئے مختلف کوالیفائی رائونڈ ہوتے ہیں اور یہ ایونٹ بھی انہی میں سے ایک ہے۔ اس ایونٹ میں ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں کوبھجوائیں گے تاکہ وہ اپنی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری لا کر اولمپکس گیمز کےلئے اپنی رینکنگ میں بہتری لاسکیں۔