اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، کمیشن کی رپورٹ اور عدالتی فیصلے سے یقینا عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کپتان کا یہ وعدہ تھا کہ عوام کہ پیسے کی حفاظت ہو گی۔ عدالتی حکم سے یہ بات واضح ہو گئی کہ حکومت کی یہ بات درست تھی کہ چینی کی لاگت کم تھی لیکن وہ زیادہ دیکھائی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی70 روپے فی کلوگرام میں آفر کر دی، جو کل تک کہتے تھے چینی پر لاگت بہت زیادہ ہے، آج بھاؤ تاؤ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پر ان کو پتہ نہیں آگے عمران خان بیٹھا ہوا ہے۔اب بات 70 روپے کلو پر نہیں رکے گی۔ چینی کی اصل لاگت عوام کہ سامنے رکھیں گے اور درست قیمت طے کرنی پڑے گی۔