اب گاوں چمکیں گے:پروگرام حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے،ڈپٹی کمشنر

204
"اب گاؤں چمکیں گے "پروگرام کے فیز IIIکے تحت 35دیہات کو ماڈل ویلج بنایا جا رہا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ

مظفرگڑھ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ :اب گاؤں چمکیں گے: پروگرام حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے جس کے تحت اب گاؤں میں بھی شہروں کی طر ز پر صفائی کے نظام کو ترتیب دیا گیا جہاں عملہ صفائی روزانہ کی بنیاد پر گاؤں کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنا نا ہے یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کی یونین کونسل نمبر 39بھٹہ پور میں اب گاؤں چمکیں گے کے تحت صفائی کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفور بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل نمبر 39بھٹہ پور کی گلی محلوں کا دورہ کیا اور صفائی کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح صفائی مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے اور صفائی کی عادت اپنانے کیلئے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کی جائے اس کیلئے علاقہ کے معززین سے رابطہ رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ گاؤں یہ شہر ہمارے ہیں اس کی صفائی کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفور نے بتایا کہ یونین کونسل نمبر 39میں کل 9مواضعات ہیں، اس کی کل آبادی 32ہزار351ہے، یونین کونسل میں 7ہزار535گھر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر دیہی یونین کونسل میں اسی طرح صفائی کی جاتی ہے جہاں کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے 3لوڈر رکشے اور 3افراد پر مشتمل عملہ صفائی کام کرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر کام ذمہ داری سے کیا جائے تو اس کے اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے اپنے دفتر میں آسان رسائی کے تحت کھلی کچہری لگائی جہاں انہوں نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی نوعیت کے مسائل کے حل اور عوام شکایات کے ازالے کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔