اتحادیوں کی مشاورت سے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کیا جائے گا،ن لیگ کا موقف ہے کہ آئینی مدت مکمل ہوتے ہی اسمبلی تحلیل کر دی جائے اور وقت پر الیکشن ہوں، وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی

51
اتحادیوں کی مشاورت سے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کیا جائے گا،ن لیگ کا موقف ہے کہ آئینی مدت مکمل ہوتے ہی اسمبلی تحلیل کر دی جائے اور وقت پر الیکشن ہوں، وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی

راولپنڈی ۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور و انچارج وزیراعظم شکایات سیل مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ اتحادیوں کی مشاورت سے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کیا جائے گا،ن لیگ کا موقف ہے کہ آئینی مدت مکمل ہوتے ہی اسمبلی تحلیل کر دی جائے اور وقت پر الیکشن ہوں،ہر سیاسی جماعت پارٹی پالیسی کے مطابق اپنی رائے رکھتی ہے، آئینی مدت مکمل ہونے سے قبل تمام اتحادیوں کی مشاورت سے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ ہو جائے گا ، نواز شریف کی واپسی کے حوالے سےجماعت میں مشاورت جاری ہے، نواز شریف جلد واپس آکر الیکشن مہم کی قیادت کریں گے ، اسرائیل کے بارے میں حکومتی موقف میں کوئی تبدیلی اور یو ٹرن نہیں،چیئرمین پی ٹی ائی اپنی سیاسیت اور پالیسی کے خود ذمہ دار ہیں،جمہوری نظام کو کمزور کرنے سمیت ملک دشمنی ایک پاگل سیاسی لیڈر کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کمشنر افس راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہو سکتا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کل بھارت کو اپنا محسن قرار دے دیں ان کے بارے میں اتنا غور نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 2018میں جب ہم سے حکومت چھینی گئی اور الیکشن ٹریپ کئے گئے،ملک بہتر حالات میں تھا،2013میں کیا حالات تھے جب حکومت ملی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ دور میں مہنگائی،انرجی بحران ختم کیا گیا،دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑا گیا،مشکل ٹارگٹس کو پانچ سال میں مکمل کرکےملک کو بحرانوں سے نکالا،

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ آج جو بھگت رہے ہیں وہ پچھلی حکومت کی پالیسیاں ہیں جسکی وجہ سے ہمیں دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،بجلی کی زائد قیمت آئی ایم ایف معاہدے کے وجہ سے لے رہے ہیں ، عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ ملک ڈیفالٹ کرے اور ملک اس نہج تک پہنچ چکا تھا۔ مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ یہ مہنگائی کا بوجھ گزشتہ حکومت کی وجہ سے عوام پر پڑا،ڈیفالٹ سے ملک بچانے کے لئے دوست ممالک سے مدد لینا پڑی،ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے تک کمی کی،گزشتہ حکومت کے دور میں صرف 10 روپے کمی کی گئی، اگر دوبارہ موقع ملا تو آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہیں گے،ملک مشکل حالات میں ملک کو آگے لیجانے کے لئے نیشنل ایجنڈے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان حالات میں بھی کوئی سیاست کرتا ہے تو وہ غدار پاکستان ہے،

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ پی ڈی ایم نے واضح کیا ہے جہاں ضرورت ہو گی وہاں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ کی جائے گی باقی جماعتیں اپنے اپنے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گی۔قبل ازیں وفاقی وزیرپارلیمانی امور و انچارج وزیراعظم شکایات سیل مرتضی جاوید عباسی نے دریائے سواں کی حدود کی نشاندہی، ہائوسنگ سوسائیٹوں کی جانب سے مبینہ قبضوں کی کوشش کو روکنے، تلہ گنگ میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کرنے،مری میں مسجد کے قیام میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات دیدیں۔

وفاقی وزیر نے طلبی کے باوجود ایف آئی اے کی عدم دلچسپی اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی عدم حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔بدھ کو وزیراعظم،عوامی امور و شکایات سیل کی کھلی کچہری کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کمشنر راولپنڈی، آر پی او، ڈی سی او راولپنڈی، وزارت پارلیمانی امور کے حکام شریک تھے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ جہاں شکایات زیادہ ہوں گے وہاں پر کھلی کچہریاں لگا کرفوری ازالے کو یقینی بنایا جائے گا، شکایات کے ازالے میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

انہوں نےکہا کہ تمام وفاقی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر شکایات کے ازالے کے لئے فوکل پرسنز تعینات کریں، شکایات کا اندراج آسان بنانے کے لئے خصوصی وٹس ایپ نمبر کا اجراء کردیا گیا یے۔20سے زائد شکایات پر وفاقی وزیر نے ضلعی اور ڈویژن کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر دریائے سواں کے راستے کی نشاندہی اور ایک ہاوسنگ سکیم کی دیوار بارے معلومط کریں کہ یہ ذاتی طور پر بنائی گئی ہے یا سرکاری فنڈز سے بنائی گئی۔ راولپنڈی بھر میں ہائوسنگ سوسائیٹوں کے غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ ان تمام درخواستوں پر سات یوم میں کارروائی کر کے رپورٹ بھیجی جائے۔