اجتجاج کرنے والے مٹھی بھر لوگ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے سے باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ،عطاتارڑ

178

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی داخلہ و قانونی امور عطا تارڑ نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد اجتجاج کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن او امان کی صورتحال خراب کرنے سے باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ، ( کل )بدھ کو عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں بھی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا جہاں پر ان پر فرد جرم بھی عائد ہوگی،عمران خان کی ٹانگ سمیت مکمل میڈیکل ہوگا ، مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ کو مذاق بنانے والے کی اپنی ٹرسٹ ڈیڈ گرفتاری کا باعث بن گئی ہے ، عمران خان نے سرعام 7 ارب کی زمین لیک190 ملین پائونڈ کو وائیٹ منی کرکے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں ۔وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ یہ اس ملک کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل ہے ، وفاقی کابینہ اجلاس میں ایک صاحب ایک بند لفافہ لیکر آتے ہیں، بند لفافے پر کابینہ کی منظوری لی گئی تھی ۔ اس وقت کے مشیر احتساب کو کس نے اختیار دیا تھا کہ 190 ملین پائونڈ کو ہڑپ کیا جائے ، اس کیس میں طوالت بھی ریکارڈ پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے 190 ملین پائونڈ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پہلے مرحلے پر شکایت کی تصدیق ہوتی ہے اسکے بعد انکوائری ہوتی ہے اسکے بعد تفتیش کا مرحلہ آتا ہے، جب تفتیش کا مرحلہ آیا تو نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز دیئے گئے ، عمران خان اور بشری بی بی کو کہا گیا کہ آپ پر الزام ہے کہ 190 ملین پائونڈ معاملے کی کابینہ سے منظوری لی اور اس میں وسیع پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو پتہ چلتا ہے کہ بابر اعوان اور زلفی بخاری کی جانب سے ٹرسٹ قائم کیا گیا ،ٹرسٹ تو ہمیشہ رفاہ عامہ کے لئے بنایا جاتا ہے، لیکن یہاں 7 ارب کی زمین تحفے میں ٹرسٹ کو دی جاتی ہے ،اس ٹرسٹ ڈیڈ پر بابر اعوان اور زلفی بخاری کے دستخط ہوتےہیں اسکے بعد اس ٹر سٹ ڈیڈ کو تبدیل کر کے عمران احمد نیازی اور بشری بی بی کے دستخط کیے گئے، 458 کنال اراضی القادر ٹرسٹ کے نام ریکارڈ پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ رفاہ عامہ کا کام کر رہا تھا ، 458 کنال 4 مرلے اراضی کس مد میں دی گئی اور اب تک رفاہ عامہ میں کیوں استعمال نہیں کیا گیا ۔ 180 ملین روپے ٹرسٹ کوموصول ہوئے ہیں ، عمران خان نے سرعام 7 ارب کی زمین لیک190 ملین پائونڈ کو وائیٹ منی کرکے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو متعدد نوٹسز جاری ہوئے لیکن انہوں نے کسی کا جواب نہیں دیا ، قدرت کا نظام ہے کہ مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ کو مذاق بنانے والے کی اپنی ٹرسٹ ڈیڈ گرفتاری کا باعث بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ، حمزہ شہباز ، احد چیمہ سمیت کئی لوگوں کو جیلوں کو رکھا گیا لیکن ان کے خلا ف کوئی کیس ثابت نہیں ہوسکا ۔ معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ بعض مقامات پر احتجاج کر رہے ہیں اور دعوی کر رہے ہیں کہ پتہ نہیں کہا پہنچ چکے ہیں ، ان کو قانون کے دائرے میں لانا کوئی مشکل نہیں ہے لیکن ہم بدامنی نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کا مداح ہوں جس نے ٹریپ کر کے خود اربوں روپے لوٹ کر پاکستان سے باہر بیٹھا ہوا ہے اور عمران خان بھگت رہا ہے ، نیب آرڈیننس کا سیکشن نائن اربوں روپے کی لوٹ مار پر حرکت میں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ( کل )بدھ کو عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں بھی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا جہاں پر ان پر فرد جرم بھی عائد ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ 2017 کے بعد سے جو کھیل عمران خان نے رچاکر ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا اس کی الگ سے تحقیقات ہونی چاہیے ، ریڑھی پر چوری کرنے والے 24 گھنٹوں کے اندر جیل ہوتے ہیں اور اربوں روپے لوٹنے والے کا کوئی بال بھی بھیگا نہ ہو ایسا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نیب کی تحقیقات شفاف ہونگی ،یہ کیس جلد منطقی انجام تک پہنچے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ اور فیصل واوڈا نے اس کابینہ اجلاس میں اختلاف کیا اور کہا کہ لفافہ کھولا جائے، سب کچھ ریکارڈ پر ہے ،اس پراپرٹی ٹائیکون سمیت عمران خان کی کابینہ کے تمام اراکین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کوئی انتقام نہیں ہے، اگر انتقام لینا ہوتا تو بہت پہلے عمران خان گرفتار ہوچکا ہوتا ۔ نیب قانون میں پلی بارگین ہے، لوٹے گئے اربوں روپے واپس کر دیں تو عمران خان باہر آسکتے ہیں ۔