اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) احتساب عدالت لاہور نے چار نیب ریفرنسز میں فیصلہ دیتے ہوئے چاروں کیسز میں ملزمان کو سزا سنا دی۔ احتساب عدالت لاہور نے ریفرنس نمبر 17/2016 میں سٹیٹ بنام رضا حبیب ریفرنس میں سزا سناتے ہوئے ملزم رضا حبیب کو پانچ سال قید با مشقت اور 241.922 ملین کا جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت لاہور نے اسی ریفرنس میں چار شریک ملزمان کو باعزت بری کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت لاہور نے ریفرنس نمبر 06/2012 سٹیٹ بنام رانا قیصر نظیر کو 12 سال قید بامشقت اور 486.73 ملین کا جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنائی۔ اس کے ساتھ احتساب عدالت نے شریک ملزم محسن عباس کو چار سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت لاہور نے ریفرنس نمبر 40/2013 میں سٹیٹ بنام محمد امین (گلشن دوست محمد ہاﺅسنگ سکیم) میں ملزم محمد جمیل‘ عبدالحمید اور فیض احمد خان کو 7 سال قید بامشقت اور 19.1 ملین کا جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنائی۔