اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا، نیب نے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہے، نیب سربراہ کی توسیع کے حوالے سے ایک قانونی ٹیم معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کیسز میں ملوث طاقتور شخصیات کے خلاف مقدمے کی سماعت جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ احتساب بیورو کرپشن کے مقدمات میں مجرم پائے جانے والے ہائی پروفائل افراد کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف منی لانڈرنگ کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں،
نیب قوانین میں اپنی مرضی کی ترامیم کے ذریعے یہ لوگ احتساب کے عمل کے دروازے بند کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی توسیع کے حوالے سے ایک قانونی ٹیم اس سارے معاملے کو دیکھ رہی ہے، امید ہے کہ نیب چیئرمین کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا اور اس کے بعد احتساب کا عمل جاری رہے گا۔