ادارہ ترقیات کراچی نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کردیا

171
ادارہ ترقیات کراچی نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کردیا

کراچی۔ 20 دسمبر (اے پی پی):ادارہ ترقیات کراچی نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان کے ڈی اے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ارشد عباس نے لانڈھی ٹائون میں تجاوزات کے خلاف مشینری و افرادی قوت کااستعمال کرتے ہوئے بابر مارکیٹ ST-4/11، ST-4/12 پر قائم متعدد دکانیں و دفاتر سمیت دیگر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرکے کے ڈی اے اراضی کو واگزار کرالیا ہے۔

واضح رہے کہ واگزار اراضی پبلک باتھ روم کے لئے مختص کی گئی تھی جس پر قابضین نے غیر قانونی تعمیرات کرکے د کانیں، دفاتر اور غیر قانونی تعمیرات قائم کی ہوئی تھی۔تجاوزات کی نشاندہی پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے متعلقہ افسران کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کی اراضی غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔آپریشن کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ انفورنسمنٹ کے ہمراہ رحمت شاہ، شہزاد، مختیار کار لانڈھی و دیگرافسران موجود تھے۔