ادارے کی قیادت سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والے من گھڑت خط بدنیتی پر مبنی ہیں ،ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی

175
ایوی ایشن اتھارٹی

کراچی ۔12فروری (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ادارے کی قیادت سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والے من گھڑت خط بدنیتی پر مبنی ہیں ،ان خطوط میں لگائے گئے الزامات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں،

اتوار کو اپنے ایک بیان میں ترجمان نے وضاحت کی کہ اس قسم کے خط پہلے بھی پھیلائے جاتے رہے ہیں اور ان میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان خطوط میں لگائے گئے الزامات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ مفاد پرست عناصر اس قسم کی حرکات سے غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی حرکات کو میرٹ پر مبنی پالیسیوں اور بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عملدرآمد کا ردعمل قرار دیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس قسم کے بے بنیاد خطوط ادارے کی ساکھ کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش ہیں جو کسی کے مفاد میں نہیں ہیں۔