اردن اعلیٰ ترقی کے حامل شعبوں کو ترجیح دے رہا ہے، شاہ عبداللہ دوم

224

عمان ۔ 7 اپریل (اے پی پی) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ ان کا ملک اعلیٰ ترقی کے حامل اقتصادی شعبوں کو ترجیح دے رہا ہے۔انھوں نے یہ بات مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا ( مینا) کے خطے کے لیے عالمی اقتصادی فورم میں کلیدی خطاب کر تے ہوئے کہی ہے۔ یہ فورم ہفتے کے روز اردن میں بحیرہ مردار کے کنارے واقع سیاحتی مقام میں شروع ہوا ہے اور افتتاحی اجلاس سے سوئس شہر ڈیووس میں قائم عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو کلاز شواب ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس اور نائیجیریا کے صدر محمد بخاری نے خطاب کیا ہے۔ شاہ عبداللہ دوم نے کہا کہ ” اس فورم میں ہمارے خطے کو درپیش اہم امور کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ ان ایشوز کو عالمی لیڈروں کے اقدامات اور شراکت داری سے طے کیا جاسکتا ہے“۔ انھوں نے فورم میں شریک عالمی لیڈروں سے مخاطب ہوکر کہا کہ پوری دنیا ہی آپ کی طرف دیکھ رہی ہے اور آپ کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتی ہے۔