ازبکستان کے اٹھارہ رکنی تجارتی وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ ، دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بی ٹو بی میٹنگز کا انعقاد

12

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر ازبک تاجروں کے ایک 18 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے تعاون سے کیا گیا تھا جس میں بی ٹو بی میٹنگز منعقد کی گئیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور صنعتی روابط کو فروغ دینا تھا۔

ازبک وفد کی قیادت ازبکستان ایمبیسی کے کمرشل اتاشی بہرام یوسفوف کر رہے تھے۔

وفد میں میں قابل ذکر شخصیات شامل تھیں جیسے کہ تختائیف اکوبرجون خاکیمووچ، ازبکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب چیئرمین۔ اس کے علاوہ ٹیکسٹائل، چمڑے کے سامان، آلات جراحی اور ماہی گیری سمیت دیگر شعبوں کے نمائندے بھی وفد میں شامل تھے۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے، رابطوں کو بڑھانے اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط عزم کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے ازبکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کو سراہا اور دو طرفہ تجارت کو 2 بلین ڈالر تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاروبار، سیاحت اور تعلیمی تبادلے کی سہولت کے لیے براہ راست پروازوں کی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔ کمرشل اتاشی بہرام یوسفوف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے ثقافتی، مذہبی اور تاریخی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ زراعت، توانائی، فارماسیوٹیکل، چمڑے، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کو وسعت دیں۔

انہوں نے پاکستانی کاروباریوں کو دعوت دی کہ وہ ازبکستان کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول میں حصہ لیں۔ازبکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب چیئرمین، تختائیف اکوبیرجون خاکیمووچ نے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اطراف کے درمیان قریبی جذباتی اور ثقافتی وابستگی ایسی مصروفیات کے ذریعے ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں بدل جائے گی۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی نمائندگی کرتے ہوئے فوکل پرسنز ملک رئوف اعوان اور ڈاکٹر رانا خالد محمود نے دونوں ممالک کے درمیان صنعتی اور کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔

دونوں فریقوں نے دیرینہ سفارتی تعلقات کو ٹھوس اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر میاں اکرم فرید نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے سیشن کی نظامت کی۔

اپنے اظہار تشکر میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ کاروباری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔نمایاں شرکا میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبرز خدیجہ عظیم، شمائلہ صدیقی، ثناء اللہ خان، ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، وسیم چوہدری، عمر خیام عباسی، اسحاق سیال اور خطے کے کئی سرکردہ کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔