استور ،شونٹر ٹاپ کے قریب برفانی تودہ گرنے سے کشمیر سے آنے والے 10 خانہ بدوش جاں بحق،15 زخمی

249
استور ،شونٹر ٹاپ کے قریب برفانی تودہ گرنے سے کشمیر سے آنے والے 10 خانہ بدوش جاں بحق،15 زخمی

استور۔ 27 مئی (اے پی پی):استور شونٹر پاس کے قریب چبنیلی ایریا میں برفانی تودہ گرنے سے خواتین سمیت 10 خانہ بدوش دب کر جاں بحق، 15 زخمی ہوگئے۔ خانہ بدوش کشمیر سے براستہ شو نٹر پاس استور کی طرف آرہے تھے کہ راستے میں اچانک برفانی تودہ گرنے سے خواتین سمیت دس خانہ بدوش دب کر جاں بحق،جبکہ 15 زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال استور شفٹ کیا گیا ہے۔۔ ایس پی استور محمد شیرین خود رسیکیو ٹیم کے ہمراہ جائے واقعے پر پہنچ گئے،پاک فوج کا مقامی رضاکاروں کے ہمراہ ریسکیو امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔دس جاں بحق افراد کی نعشیں اور 15 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔مزید لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔جاں بحق افراد میں خواتین اور مرد شامل ہیں۔

استور،سکردو اور گلگت کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، برفانی تودہ گرنے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون کا اظہار افسوس کااظہارکرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں و اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دیاہے۔

وزیر داخلہ گلگت بلتستان نے سیکرٹری داخلہ، ڈی جی گلگت بلتستان ڈی ایم اے و دیگر اعلیٰ حکام کو فوری طور استور پہنچنے اور کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مشیر داخلہ بھی جلد متاثرہ علاقے کا دورہ کریں گے۔ مشیر داخلہ نے کہا ہے کہ دبے افراد کے سرچ اینڈ ریسکیو کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کریں گے۔