یروشلم ۔25ستمبر (اے پی پی):اسرائیلی قابض حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں رواں سال کے آغاز سے18 ہزار سےزیادہ مکانات اور تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی “عیرعمیم” فاؤنڈیشن نےجاری بیان میں کہا ہے کہ موجودہ (اسرائیلی ) حکومت نے اس سال جنوری سے رواں ستمبر تک مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں 18,223 آبادکاری ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔
تنظیم نے بتایا کہ نئی سیٹلمنٹ یونٹس کی یہ تعداد 2021 کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے ارد گرد آبادکاری کی توسیع کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت اسرائیل کی مستقل اور منظم جبر کی حقیقت کی عکاس ہے، جہاں ایک گروہ یعنی آباد کاروں کو ان کے مکمل شہری اور انسانی حقوق فراہم کیے جاتے ہیں جب کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔
قابض افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں 199 سے زائد بستیاں اور 256 بستی چوکیاں قائم کی ہیں، جن میں 9 لاکھ سے زیادہ آباد کار مقیم ہیں، جن میں ساڑے تین لاکھ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں بھی شامل ہیں، جو فلسطینی شہریوں اور ان کی فلسطینی املاک پر تقریباً روزانہ حملے کرتے ہیں۔