تل ابیب۔24اکتوبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج غزہ میں زمینی کارروائی کا فیصلہ طویل مدت کے لیے موخر یا مکمل طور پر منسوخ کر سکتی ہے۔
یہ بات اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کو تشویش ہے کہ حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی کے نتیجے میں اسرائیل کی سیاسی قیادت غزہ میں فوج کی زمینی کارروائی بارے مناسب فیصلہ کرنے میں ناکام رہے گی یا اس میں خاصی تاخیر ہو جائے گی ۔اخبار کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا کہ وہ غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور تفویض کردہ کام مکمل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 16 دنوں میں غزہ پر 550 سے زیادہ میزائل حملے کئے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور پانچ ہزار فلسطینیوں کے شہید اور دیگر ہزاروں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ دس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں ۔
ان بے گھر افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی میں بھی بے حد مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکی رکن کانگرس الہام عمر نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی مسلح افواج نے گزشتہ دس دنوں میں غزہ پر اتنے بم گرائے ہیں جتنے امریکا نے پورے افغانستان پر ایک سال میں نہیں گرائے تھے۔