اسرائیلی وزیراعظم کی حکومت بنانے کی کوششیں تعطل کا شکار، پارلیمان میں نئے انتخابات کی قرارداد منظور

93

مقبوضہ بیت المقدس۔ 28 مئی (اے پی پی) اسرائیلی وزیراعظم بنجمین نیتن یاہو کی نئی حکومت بنانے کے لیے کوششیں تعطل کا شکار ہوگئی ہیں جبکہ پارلیمان نے تحلیل کی قرارداد کی ابتدائی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اسرائیل میں نئے انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔تاہم نئے انتخابات کے انعقاد کے لیے ابھی اس قرارداد پر پارلیمان میں حتمی رائے شماری ہوگی اور اس کا(آج) بدھ کو امکان ہے جب وزیراعظم کو نئی مخلوط حکومت کے قیام کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کا خاتمہ ہوجائے گا۔اسرائیل میں 9 اپریل کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے اور ان میں بنجمن نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو کی لیکوڈ پارٹی نے کامیابی کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی صدر ریووین رولین نے چھے ہفتے قبل نیتن یاہو کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی اور انھیں بدھ تک مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے وقت دیا گیا ہے۔اسرائیلی قوم پرست اورمذہبی جماعتوں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے نئی مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے کوششیں تعطل کا شکار ہوچکی ہیں۔