مقبوضہ بیت المقدس ۔ 19 فروری (اے پی پی) اسرائیلی پولیس نے ایک کمیونیکیشن کمپنی سے منسلک متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ بد عنوانی کے اس نئے کیس کا تعلق بھی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ہے۔ میڈیا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ بیزک نامی اس گروپ کو رعائتیں دی گئی تھیں اور اس کے بدلے میں کمپنی سے منسلک خبروں کے ادارے پر نیتن یاہو کے بارے میں مثبت خبریں چلائی گئیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف کرپشن کے مختلف کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔