اسرائیل فلسطینیوں‌ کو مساوی بنیاد پر کورونا ویکسین فراہم کرے،اقوام متحدہ

67
United Nations

مقبوضہ بیت المقدس ۔16جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے کورونا ویکسین کے معاملے میں فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مندوب برائے فلسطین مائیکل لنک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں ‌کو فوری اور مساوی بنیاد پر کورونا ویکسین فراہم کرے کیونکہ فلسطینیوں کو کورونا ویکسین کی فراہمی قانونی اور اصولی طور پر اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔مائیکل لنک کا کہنا تھا کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں ‌تک کورونا ویکسین کی رسائی مشکل ہے۔ یہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کو بھی کورونا ویکسین فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے کورونا ویکسین کی درخواست پر عمل درآمد اور ویکسین کی فراہمی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔انہوں‌نے کہا کہ فلسطینیوں ‌اور اسرائیلیوں کےدرمیان کورونا ویکسین کی فراہمی میں امتیاز برتنا غیراخلاقی اور غیرقانونی ہے،موجودہ بحران کی حالت میں فلسطینیوں کو کورونا ویکسین کے معاملے میں نظرانداز کرنے کا کوئی جواز نہیں،ہم اسرائیل سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں‌ فوری اور مساوی بنیاد پر ویکسین فراہم کرے۔