تل ابیب ۔11جون (اے پی پی):اسرائیل نے کہا ہے کہ سویڈن سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ فلائٹ کے ذریعے فرانس جا رہی ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیل وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’گریٹا تھنبرگ بذریعہ فلائٹ اسرائیل سے فرانس کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔اسرائیلی فوج نے پیر کو غزہ جانے والی ایک امدادی کشتی ’میڈلین‘ کو بین الاقوامی پانیوں میں روکتے ہوئے اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور اس میں سوار مشہور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت 12 کارکنوں کو حراست میں لیا تھا۔
انسانی حقوق کے لیے سرگرم اسرائیلی تنظیم ’عدلہ‘ نے کہا تھا کہ تمام کارکنوں کو اسرائیلی شہر راملے کے حراستی مرکز منتقل کیا گیا ہے جہاں سے بعدازاں انہیں ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا جائے گا۔دوسری جانب فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ کشتی پر سوار پانچ فرانسیسی کارکنوں کو اسرائیلی جج کے سامنے پیش ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے وکیل کی چھ فرانسیسی شہریوں سے ملاقات ہوئی ہے جنہیں گزشتہ رات اسرائیلی حکام نے حراست میں لیا تھا۔ان میں سے ایک نے رضاکارانہ طور پر واپس جانے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور انہیں آج پہنچ جانا چاہیے۔ جبکہ دیگر کو جبری جلاوطنی کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔