کوئٹہ۔ 08 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دشت حق حیات بلوچ نے بیسک ہیلتھ یونٹ دشت کنچتی کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ دورے کا مقصد علاقے میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لینا اور عملے کی کارکردگی کو جانچنا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی، طبی آلات، دستیاب ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشت جیسے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کا فقدان ایک اہم مسئلہ ہے، اور اس طرح کے دورے قابل تحسین ہیں۔ ان کے مطابق ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ کی متحرک قیادت اور اسسٹنٹ کمشنر کے عملی اقدامات عوامی فلاح کی جانب مثبت پیش رفت ہیں لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اس قسم کے دورے تسلسل کے ساتھ جاری رہے تو نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے میں صحت کی مجموعی صورتحال بھی نمایاں طور پر بہتر ہو سکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579741